لکھنؤ 13 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس ا نڈیا)بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے بی جے پی میں شامل ہوئے نریش اگروال کی ایس پی ممبر پارلیمنٹ جیا بچن کے خلاف کے گئے نازیباتبصرہ پر اسے خواتین مخالف بتاتے ہوئے کہا کہ اگروال کو اس کے لئے فوری طور پر اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔مایاوتی نے آج ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس میں خواتین مخالف تبصرہ خواتین اور ملک کو شرمندہ کرنے والا ہے اور بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو اس کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، گزشتہ تجربات کی بنیاد پر یہ لگتا ہے کہ بی جے پی قیادت خواتین مخالف ذہنیت رکھنے والوں کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے، جنتا اسے ہونا چاہیے۔ مایاوتی نے کہا کہ جیا بچن ایک معروف نام ہے اور وہ ایک قابل بھروسہ خاندان کی نمائندگی کرتی ہے۔ فلمی دنیا میں ان کے خاندان کے بھاری شراکت ہے اور وہ ایک رہنما بھی ہیں، ان کے خلاف اگروال کا خواتین مخالف تبصرہ قابل مذمت ہے۔ غور طلب ہے کہ کل ہی بی جے پی میں شامل ہوئے سماج وادی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن اگروال نے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے ایس پی کی امیدوار جیا بچن پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا کہ سماجوادی پارٹی نے ان کے 40 سال کے سیاسی تجربے کو نظرانداز کرکے فلموں میں ناچ کر اپنا کردار نبھانے والوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ بعد میں آج راجیہ سبھا رکن اگروال نے اداکارہ اور ایس پی ممبر پارلیمنٹ جیا بچن کے بارے میں اپنے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیان کو میڈیا میں توڑمروڑ کر پیش کیا گیا۔ اگروال نے کہا کہ میرا مقصد کسی کے جذبات کو مجروح کرنے کی نہیں تھا اگر میرے بیان سے کسی کے احساسات مجروح ہوئے ہوں تو اس کے لیے میں نادم ہوں ۔